ViKings Season Review

Fayyaz Bukhari
یہ کہانی ہے ناروے کے اردگرد واقع متعدد چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں بسنے والے ڈاکوؤں کی جنھیں انگریزی میں Vikings کہا جاتا ہے۔ ان سب کے بیچ ہی ایک ساحلی شہر جسے Kattegat کہا جاتا ہے قائم ہے جہاں کے لوگ کئی عشروں سے جنوب کی طرف اپنے بحری بیڑے لیکر جاتے ہیں اور لوٹ مار کرکے لوٹ آتے ہیں۔ مسلسل لوٹ مار کے باعث اب ان علاقوں سے انھیں زیادہ کچھ نہیں ملتا جس سے وہ پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ Kattegat میں ہی Ragnar Lothbrok بھی رہتا ہے جو کہ ایک ماہر جنگجو اور کسان ہے جبکہ اس کی بیوی لگارتھا بھی ایک ماہر ترین ڈھال بردار سپاہی رہ چکی ہے۔ ریگنار کو ایک دن سمندر میں راستہ دکھانے والا آلہ ملتا ہے جس سے وائکنگز کا آنے والا مستقبل ہی بدل کر رہ جاتا ہے۔ ریگنار اپنے بادشاہ سے کہتا ہے کہ انھیں جنوب کے بجائے اب مغرب کی جانب جانا چاہیے پر بادشاہ سمیت تمام لوگ اس کی بات کو ٹھکرا دیتے ہیں کیوں کہ انھیں نے سمندر سے آگے کی دنیا ہی نہیں دیکھی ہوتی کبھی اور ان کا ماننا ہے کہ اس سے آگے نا کوئی ملک ہے اور نا ہی کوئی شہر۔ پر ریگنار اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ اس مہم پہ نکل جاتا ہے اور اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اسے آگے کیا کیا نظر آئے گا۔ ذرا سوچیے "آڈین" نامی خدا کو ماننے والے یہ وائکنگز جب عیسائی یا مسلمانوں کو دیکھیں گے تو وہ کیا مناظر ہوں گے؟ انتہائی بے رحم شاطر اور بلا کے جنگجو وائکنگز جب انگلینڈ کے شہروں تک رسائی حاصل کرلیں گے تو اس وقت کیا سماں ہوگا؟؟ ریگنار کا کردار اتنا بہترین تراشا گیا ہے کہ آپ اچھے سے جانتے ہیں کہ وہ لوٹ مار کر رہا اور معصوموں کو مال و متاع کے لیے قتل کر رہا ہے مگر پھر بھی آپ سیریز دیکھتے ہوئے اس سے محبت کریں گے۔ آپ دنیا کے سب سے بڑے انسانی حقوق کے علمبردار بن جائیں تب بھی وائکنگز دیکھتے ہوئے آپ ریگنار سے محبت کرنے پہ مجبور ہو جائیں گے۔ ریگنار جو کہ ایک قاتل لٹیرا اور بے رحم انسان ہے جس کے لیے امیر ہونا ہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فلوکی کا کردار بھی اپنے اندر کئی کہانیاں لیے ہوئے ہے جو کہ ریگنار کے لیے کشتیاں بناتا ہے۔ ریگنار کا بھائی رولو جو کہ اپنی بھابھی پہ عاشق ہے اور لالچی ہے مگر بے انتہا بہادر اور طاقتور ہے۔ ریگنار کے بیٹے جو کہ ایک سے بڑھ کر ایک ہیں پر اس کا معزور بیٹا "آئیور" انتہائی سنگ دل اور خطرناک ہے اور اس سے سب ڈرتے ہیں اس کی وجہ کیا ہے وہ سیریز دیکھتے ہوئے جان پائیں گے۔ میرے نزدیک ریگنار کے بعد اگر سیریز میں کسی نے بہترین اداکاری کی ہے تو وہ آئیور نے کی ہے۔ اس کی صرف آنکھیں ہی دہشت زدہ کرنے کو کافی تھی۔ باقی کردار بھی نگینے کی طرح فٹ نظر آئے۔ وائکنگز میں مذہب کو بھی بہت اہمیت دی گئی ہے اور اس کا بے جا استعمال بھی دکھایا گیا ہے۔ مذہب کو کیسے اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور عورتوں کو کیسے اس سے دور رکھا جاتا ہے وہ سب عمدہ طریقے سے ہمارے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ناروے کی اس زمانے کی خوبصورتی کو جس انداز سے فلمایا گیا ہے وہ بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہ ایک ایسی سیریز ہے جسے آپ دیکھ لیں تو مدتوں تک بھول نہیں پائیں گے۔ بے انتہا خوبصورت اور بہترین کہانی جس میں ایک سین بھی اضافی یا بوریت بھرا نہیں ہے۔ وائکنگز کا یہ تعارف ایک دوست نے جامشورو سے ارسال کیا ۔۔۔