Cc Cameray,بُڈھے کیمرے

Fayyaz Bukhari

خرانٹ سی سی کیمرے 😁
سی سی کیمرے کا نام پڑھ کر آپ چونک گئے ہوں گے
،خاص اس کے ساتھ خرانٹ کا لفظ دیکھ کر ، ہیں نا ،
 در اصل یہ نام ان خرانٹ بڈھوں کو دیا گیا ہے جو جگہ جگہ آنکھیں پھوڑے دیدے مٹکاتے پائے جاتے ہیں ،
گھر ہو یا مسجد ،یا پھر پارک ہو ،
یا پھر بھری پری بازار ہو کوئی بھی جگہ ان سے خالی نہیں ہوتی ،یہ خدائی فوجدار ہر جگہ پایا جاتا ہے ۔

 عمر اور حلیہ ،


 عمر ان کی پنتالیس ،پچاس سے اوپر ہوتی ہے ،رنگت کا مت پوچھیں کسی کی چمپئی ،ہوتی ہے تو کوئی ،سفید رنگت کا حامل ہوتا ہے ،کسی کی سانولی ہے ،تو ساتھ کوئی سیاہ کالا بھی مل جاتا ہے ،اکثریت کی رنگت گندمی ہوتی ہے ، حلیہ بھی متنوع قسم کا ہوتا ہے ،کوئی سفید ریش ہے مکمل ایک بالشت داڑھی تک ،تو دوجا فرنچ کٹ داڑھی رکھتا ہے ،کچھ کلین شیو ہیں تو ،ایک قسم مونچھ والوں کی بھی پائی جاتی ہے جو داڑھی کو شیو کرتے ہیں ، 

 کارکردگی


 ان کا واحد من پسند کام تانک جھانک کرنا ہے ،اور پھر اس تانک جھانک کو آگے مرچ مسالے لگا کر بیان کرنا ہے ،کیسے بیان کرنا ہے یہ انہی کا خاصہ ہے ،اس تانک جھانک کو آگے بیان کرنے میں ان کا سٹائل بھی بہت الگ الگ اور منفرد ہوتا ہے ، ایک نے اگر دھیمے میٹھے لہجے میں تبلیغانہ انداز سے تانک جھانک کو آگے بڑھایا ہے تو ،دوسرے خرانٹ سی سی کیمرے نے اس کو گج وج کے پھیلانا ہوتا ہے ،کچھ خرانٹ بڈھے ،مزاحیہ انداز سے بات کو آگے پھیلاتے ہیں ، تو کچھ صرف طنزیہ لہجہ اختیار کرتے ہیں ،

 بڈھوں کے خرانٹ سی سی کیمرہ بنے کے عوامل


 ملازمت سے ریٹائر ہو کر ویلھے ہوتے ہیں اکثر خاص کام کاج ہوتا نہیں ان کو گھر میں،، بہو بیٹیاں ان کو باہر فکس کردیتی ہیں کسی بہانے سے تاکہ کچھ دیر امن اور سکون رہے گھر میں، بہانہ بھی بے ضرر بناتی ہیں کسی کو دہی لینے بھیج دیا ہے تو زرا مذہبی ٹائپ حلیہ رکھنے والے کو بہو بیٹی مسجد جانے کی ترغیب دیتی ہے تاکہ دن اور رات میں پانچ بار تو اس کیمرے کی رینج سے نکل آئیں ،،اگر یہ گھر میں پڑے رہیں تو گھر کے انتظامی امور میں یوں دخل دیتے ہیں جیسے پاکستان کی عدلیہ از خود نوٹس لے کر سیاسی امور میں وڑتی ہے اور پھر دھکے دے کر نکالی جاتی ہے ،ان امور سے

 خرانٹ سی سی کیمروں کی امیجنگ اور کام کی ٹائمنگ،


 ان کی امیجنگ ایچ ڈی کوالٹی سے بھی اوپر کی چیز ہوتی ہے ایک بار جو چیز ،معاملہ یا بات ان کے آنکھوں کے لینس کانوں کے مائک سے گزر جائے،
 تو وہ ان کے کلاؤڈ سٹوریج (دماغ ) میں محفوظ ہو جاتی ہے اپنی پوری جزویات کے ساتھ ، 
ان کا ذاتی کسٹم سافٹ ویئر اس کی من چاہی ایڈیٹنگ کر کے آگے پیسٹ کرتا ہے 
اپنے جیسے خرانٹ بڈھوں کے ساتھ عوام الناس کو بھی ، 

ان کی ڈیوٹی یا کام کا کوئی وقت متعین نہیں ہوتا ، سوا با امر مجبوری سوتے وقت کے،،
 یہ ہر وقت باظاہر لاپرواہ نظر آتے ہوئے سر نیہوڑائے آن ڈیوٹی ہوتے ہیں ، 

 ان کے کام کی جگہ 


 کوئی بھی جگہ ان سے خالی نہیں ہوتی ،کچھ خرانٹ سی سی کیمرے ،تو سوشل میڈیا پر پائے جاتے ہیں ، 
ان کی پوسٹ کرنے کی سپیڈ بہت تیز ہوتی ہے ،فالوور ہوں یا نہیں کوئی لائک کرے یا نہیں ،یہ متواتر پوسٹ کھڑکاتے رہتے ہیں ،کمنٹ سے بھی بے نیاز ہوتے ہیں،
 اکثر بڈھے تو صرف لائک کرنے والوں کو بھی مینشن کرکے شکریہ ادا کرتے ہیں ، 

مگر نوجوان نسل ان سے یوں بھاگتی ہیں جیسے گدھا سارا دن کام کر کے واپس گھر آتے وقت بھاگتا ہے ، 

مساجد میں میں بلا ناغہ اپنے سابقہ کرتوت بخشوانے آتے ہیں ، مگر طبعی فطرت سے مجبور ہو کر کرتوت اور سیاہ کر جاتے ہیں ، 
مسجد کے پیش امام اور مؤذن سے ان کی سرد جنگ چلتی رہتی ہے ، 
چھوٹے بچوں کو مسجد میں ٹکنے تک نہیں دیتے یہ ،جیسے ہی کوئی معصوم بچہ ان کے لینس ٹارگٹ کی زد میں آئے یہ لٹھ لے کر اس کے پیچھے پڑ جاتے ہیں ، 

جب تک اسے مسجد سے نکال نا لیں سکون سے نہیں بیٹھیں گے ، صفوں کی ترتیب و تدوین کا ان من پسند مشغلہ ہوتا ہے ، خطیب کو اپنے نظریات کے حساب سے مشورے مفت دیتے ہیں،
 اور پھر ان مشوروں کے نفاذ کو لاگو کر کے دم لیتے ہیں ، گھر ہو یا مسجد ،بجلی کے استعمال پر کڑی نظر رکھتے ہیں،
 ان کی کے کیمرے کا لینس ہر وقت متحرک ہوتا ہے ۔ 
 کب کوئی اضافی بلب یا پنکھا آن دیکھیں اور پھر طویل لیکچر شروع کریں مہنگائی کا رونا رو کر ،،

 مزے کی بات یہ ہے کہ خود پنکھے کے عین مرکز یعنی زیادہ ہوا دار جگہ کو اپنا بزرگانہ حق سمجھتے ہیں ، 
گھر یا مسجد یا گلی میں ایسی جگہ پر نظر کا کیمرہ فکس کرتے ہیں جو مرکزی جگہ ہو ، جہاں سے سب اطراف پر نگاہ رکھی جا سکے ، 

بھولے سے بھی کوئی اس جگہ بیٹھ جائے تو اس بیچارے کی خیر نہیں ہوتی پھر ،۔
 مسجد کے چندے پر کڑی نظر رکھتے ہیں ،پیش امام سے دھیلے آنے کا حساب مانگتے ہیں ،،
 مگر چندہ دیتے وقت دس روپے کا نوٹ چھپا کر چندے کی ٹوپی یا صندوقچی میں رکھتے ہیں ،
کہ بائیں ہاتھ کو بھی خبر نا ہو ، 

یہ الگ بات ہے کہ دوسروں کو کم چندہ دینے پر خوب رگیدتے ہیں کہ اتنا کھاتا پیتا بندہ ہو کر چند ٹکے دے رہا مسجد کے 
چندے میں ,
شریعت کے مطابق وضع قطع رکھتے ہیں اکثر کیمرے ۔ 
اور نوجوانوں کو بھی خود جیسی وضع قطع رکھنے پر 
مجبور کرتے ہیں ،
 اگر کوئی سرکش نوجوان بھول کر ان کی جوانی کے رنگین و سنگین دن اور حلیہ یاد دلا دے تو ،
وہ پکا مردود مشہور کر دیتے ہیں ، اکثر کو کافر بھی مشہور کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ مسجد کا خطیب بھی ایسے جوان کو مردود قرار دے ، 

 خرانٹ سی سی کیمروں کا گھر میں سلوک


 بہو سے ان کو خدا واسطے کا بیر ہوتا ہے بیٹے کی آمدن کا پورا پورا حساب ان کو ازبر ہوتا ہے ۔ 
جہاں روپیہ دو ،اضافی خرچ ہوئے نہیں ،ان کا فضول خرچی کا لیکچر ختم نہیں ہوگا پھر 
سارا دن بڑ بڑ چلتی رہے گی کسی ٹیپ ریکارڈر کی طرح

 خوشامدی قسم کے پوتے پوتیاں ان کی نظر میں تمیز دار نیک شمار ہوتے ہیں ۔
 زرا سی پھوں پھاں والے بچے ان کو 
سرکش باغی بد تمیز اور نالائق دکھتے ہیں ، 
گھر کے کونے کھدرے ان کی رینج میں ہوتے ہیں ہر وقت ، اکثر بڈھوں کی بیویاں قبل از وقت وفات پا چکی ہوتی ہیں، ان کی ہاں ساڑنے والی باتوں اور حرکتوں سے ۔
جن کو یہ اصول پرستی کا نام دیتے ہیں ، 
 ان کے لینس کا دائرہ بہت وسیع ہوتا ہے 
بہو کے میکے والوں کے آنے پر ان کا کسٹم سافٹ ویئر
 الرٹ ہوجاتا ہے ،
 گھر میں پکائے جانے والے ہر کھانے کا جائزہ یوں لیتے ہیں جیسے کوئی اینٹی وائرس پروگرام سسٹم میں وائرس تلاش کرتا ہے، 
اس دوران ماتھے پر تیوریاں بڑھا لیتے ہیں ،منہ سے آتے جاتے بہانے بہانے سے بُڑ بُڑ کے سگنل نشر کرتے رہتے ہیں ،تاکہ بہو کو ناگواری محسوس ہوتی رہے ان کی ۔ 

 ان کیمروں کی عجیب خصوصیات


 ایک عجیب خصوصیت ان کیمروں میں یہ ہوتی ہے کہ یہ بظاہر ٹارگٹ پر فوکس نہیں کرتے،
 ان کے لینس کا رخ ادھر اُدھر ہوتا ہے ، 
مگر ایک عجیب میکانزم کے تحت ٹارگٹ مکمل ان کی رینج میں ہوتا ہے،چاہے زاویہ کوئی ہو اس کا ، دوسری خصوصیت ان کی یہ ہوتی ہے کہ ان کے مائک ،(کان) بہرے ہوتے ہیں بظاہر ، مگر بات جب ان کی ذات پر ہو رہی ہو چاہے اشارے کنائے میں ہی ہو ،اس وقت ان کے دونوں مائک (دونوں کان ) مکمل ورکنگ کنڈیشن میں ہوتے ہیں ، زرا سی پھُس پھس کو بھی کیچ کر لیتے ہیں ۔ 
 گلی  محلے کے تھڑے،چبوترے اور پھٹے ،،بنچ ،، ان کی جائے اقامت کہے جا سکتے ہیں ، جہاں پر بیٹھ کر، ہر آتے جاتے پر مکمل فوکس رکھتے ہیں لاپرواہی سے اخبار بینی کرتے ہوئے ،، 
 دو غیر متعلقہ بندوں کے درمیان چاہے ان سے غیر متعلق گفتگو ہو رہی ہو  ان کے  مائک بہت چوکس ہو جاتے ہیں ایمرجنسی الرٹ پر ،، 
دوران گفتگو بہت مدبرانہ انداز میں اچانک بیچ بیچ میں دونوں میں سے ایک فرد کو لقمہ ضرور دیں گے ، 
لقمہ دے کر پھر سے اخبار پڑھنے میں ، یا دوسرے کیمرے سے گفتگو میں یوں مشغول ہو جائیں گے جیسے انہوں نا کچھ سنا ہے اور نا کچھ کہا ہے ابھی ابھی ،،
 گلی محلے کے چوکیدار کیمرے سمجھ لیں ان کو مفت ڈیوٹی دیتے ہیں صبح ناشتے سے بھی پہلے رات گئے تک ، 

 خرانٹ سی سی کیمروں کی ڈیٹا پراسیسنگ 


 ان کی میموری میں جو ڈیٹا سیو ہو جائے ایک بار اس کو یہ ذاتی سافٹ ویئر سے ایڈیٹنگ کر کے پراسس کرتے ہیں، مجال ہے اس دوران کسی دوسرے کی رائے کو مان لیں ۔ اکثر تو یہ خرانٹ کیمرے، اس ڈیٹا کی تقسیم یعنی کاپی پیسٹ اور ریلیز کے دوران ایک دوسرے سے الجھ جاتے ہیں ، 

پھر ایک دوسرے کی شان میں جو ڈیٹا ترتیب دیتے ہیں، گالیوں کا وہ یہاں لکھنے سے سینسر کے مسائل ہو سکتے ہیں ،، گالیاں یوں دیتے ہیں جیسے لوگ مٹھائی بانٹتے ہیں ۔

 محلے کے خوشامدی ٹائپ نوجوان ان کو لولو تھوتھو لگا کر ان کی گڈ بک میں ٹاپ پر رہتے ہیں ہمیشہ اور کماحقہ کچھ فوائد ،،بھی حاصل کر لیتے ہیں ۔ یعنی ان کی تنقید سے بچ جاتے ہیں ، دوسرا ان کے کیمرہ لینس کے فوکس سے بے فکر ہو جاتے ہیں ، آنے جانے کی مکمل آزادی مل جاتی ہے ،ان کو ، اس کے برعکس پھوں پھاں والے نوجوانوں سے ان کا سلوک بہت اذیت ناک اور خوشامدی جوانوں کے بر عکس ہوتا ہے

 ۔ ایسے پھوں پھاں والے جوان، ان بڈھے کیمروں کا ٹارگٹ ہوتے ہیں ، کب آئے گھر، کب نکلے گھر سے ، کیسا پہنتے ہیں ، گاڑی کیسے چلاتے ہیں ، حلیہ کیسا رکھا ہے ۔

ہر چیز پر کڑی نظر رکھتے ہیں ، باتیں ان کی بہت ساری ہیں جن کا احاطہ کرنے بیٹھوں تو ایک اچھی بھلی ضخیم کتاب بن سکتی ہے ، مگر یہیں پر بس کرتا ہوں ،،😉 

کچھ حرف معزرت بھی ہیں میرے پاس 


 مزاح کے رنگ میں ان بوڑھے بزرگوں کو نشانہ بنایا ہے ،

 مگر میرا مقصد ان کی ہوٹنگ نہیں ہے بلکہ ان سے تنگ کچھ نوجوانوں ،اور گھر کی بہو بیٹیوں کی ترجمانی کرنا ہے بس ،،😂 

ذاتی طور پر میں ایسے بڈھوں سے بنا کر رکھتا ہوں، بلکہ پسند بھی کرتا ہوں کچھ زندہ دل خرانٹ سی سی کیمرہ بڈھوں کو 
😜
 تاکہ امن سکون سے جی سکوں ،✌️
 پھر بھی کسی کی دل آزاری ہوجائے اس تحریر سے،، تو دل سے معافی مانگتا ہوں ان سے کہ یہی تو ہمارے گلی محلے مساجد کی رونق و برکت ہیں خدا ان کو سلامت رکھے تادیر صحت و سلامتی کے ساتھ 🌹 

 🖊️فیاض حسین بخاری