Kuch adbi lattaifکچھ ادبی لطائف

Fayyaz Bukhari

 

ادبی دنیا کے کچھ لطائف،



اکبر الہ آبادی کو کسی نے خط لکھا اور آغاز میں انہیں قبلہ لکھ کر مخاطب کیا، اکبر نے جواب میں لکھا آپ نے مجھے قبلہ لکھا جو مسلمانوں کے لئے قابل احترام جگہ سمجھی جاتی ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا آپ کو کیا لکھوں، میں یہی لکھ سکتا ہوں، وعلیکم السلام جامع مسجد,,
کسی نے مولانا شوکت علی سے پوچھا آپ کے بڑے بھائی کا تخلص گوہر ہے دوسرے بھائی کا جوہر ہے آپ کا کیا تخلص ہے؟ مولانا نے فورا جواب دیا "شوہر"

پطرس بخاری ریڈیو اسٹیشن کے ڈائریکٹر تھے ایک مرتبہ مولانا ظفر علی خان صاحب کو تقریر کے لئے بلایا تقریر کی ریکارڈنگ کے بعد مولانا پطرس کے دفتر میں آ کر بیٹھ گئے۔ بات شروع کرنے کی غرض سے اچانک مولانا نے پوچھا۔ پطرس یہ تانپورے اور تنبورے میں کیا فرق ہوتا ہے۔ پطرس نے ایک لمحہ سوچا اور پھر بولے۔ مولانا آپ کی عمر کیا ہو گی؟ اس پر مولانا گڑبڑا گئے اور بولے۔ بھئی یہی کوئی پچھتر سال ہو گی۔ پطرس کہنے لگے۔ مولانا جب آپ نے پچھتر سال یہ فرق جانے بغیر گزار دئیے تو دو چار سال اور گزار لیجئے,,

ایک دفعہ جون ایلیا نے اپنے بارے میں لکھا کہ : میں ناکام شاعر ہوں۔ اس پر مشفق خواجہ نے انہیں مشورہ دیا :
جون صاحب ! اس قسم کے معاملات میں احتیاط سے کام لینا چاہئے ۔ یہاں اہلِ نظر آپ کی دس باتوں سے اختلاف کرنے کے باوجود ، ایک آدھ بات سے اتفاق بھی کر سکتے ہیں ,
,

عید کی نماز کے بعد لیاقت علی خان کے جوتے نہیں مل رہے تھے سارے سیکرٹری ڈھونڈنے لگے ہوئے تھے۔ اتنے میں مزاحیہ رسالہ "نمک دان" کے مجید لاہوری نے طنزََ پوچھا وزیر اعظم صاحب جوتے کہاں گئے۔۔؟؟
لیاقت علی خان صاحب نے فوراََ کہا "نمک دان پر پڑ گئے"



ایک دفعہ مولا نا آزاد سے نہرو نے پوچھا جب میں سر کے بل کھڑا ہوتا ہوں تو خون سر کی طرف جمع ہوجاتا ہے مگر جب پاؤں کے بل کھڑا ہوں تو ایسا نہیں ہوتا۔

مولانا نے جواب دیا جو چیز خالی ہوگی خون اسی طرف جائے گا۔


موسیقار کلیان جی سے جب پوچھا گیا کہ اپنی شادی کے تجربے کو کیسا پایا تو بولے 

“ شادی کو ایک چیونگم کی طرح پایا، خوش ذائقہ میٹھا جلد ہی منہ میں گھل جاتا ہے اور بعد میں ساری زندگی ربڑ کو چباتے رہو، چباتے رہو، چباتے رہو ۔۔۔۔۔۔۔اوربس


اورئنٹل کالج لاہور میں انور مسعود فارسی کے طالبعلم تھے ان کی کلاس کے پروفیسر وزیر الحسن عابدی نے ایک دفعہ چپڑاسی کو چاک لانے کو کہا ۔ چپڑاسی نے بہت سے چاک جھولی میں ڈالے اور لے کر حاضر ہوگیا۔ اس سے پہلے کہ کوئی کچھ کہتا۔ انور مسعود شرارتی لہجے میں بولے :

"سر! دامنِ صد چاک ، اسی کو کہتےہیں۔ "


جوش نے پاکستان میں ایک بہت بڑے وزیر کو اردو میں خط لکھا۔ لیکن اس کا جواب انہوں نے انگریزی میں دیا۔ جواب میں جوش نے انہیں لکھا:

جنابِ والا،میں نے تو آپ کو اپنی مادری زبان میں خط لکھا تھا۔لیکن آپ نے اس کا جواب اپنی پدری زبان میں تحریر فرمایا ہے۔


مولانا شاہ اسماعیل شہید ؒسے کسی انگریز نے کہا

" انسان داڑھی کے بغیر پیدا ہوا ہے اس لیے اسے داڑھی نہیں رکھنی چاہیے "

مولانا نے برجستہ کہا “ پھر تو انسان دانتوں کے بغیر پیدا ہوا ہے، اس کے دانت بھی ت

وڑ دیئے جائیں "